قومی ایئرلائن نیلامی 23 دسمبر کو ہوگی، نجکاری میں شفافیت یقینی بنائی جائے گی: وزیراعظم

04 دسمبر 2025 – لاہور/اسلام آباد (نیوز رپورٹر، سودی)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA) کی نجکاری کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو پہلی ترجیح حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ PIA کی بڈنگ 23 دسمبر 2025ء کو ہوگی اور اس اہم مرحلے کو ملک بھر میں ٹی وی چینلز پر براہ راست دکھایا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ نجکاری کے بعد PIA دوبارہ اپنی پرانی پہچان “Great People to Fly With” کے معیار پر پورا اترے گی۔ وہ نجکاری میں حصہ لینے والے بڈرز، کاروباری شخصیات اور مختلف کمپنیوں کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی ایئر لائن کا کھویا ہوا تشخص بحال کرنا اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی روٹس کی بحالی سے بیرون ملک پاکستانیوں کو بہتر سہولت ملے گی جبکہ سیاحت کے فروغ کے لیے بھی قومی ایئرلائن کی ترقی ضروری ہے۔
