وزیراعلیٰ پنجاب نے اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب کی منظوری دے دی

لاہور (این این آئی) – وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد فروری 2026 تک جاری کیے جائیں گے۔ یکم جنوری سے پہلی بار پے آرڈر کے ذریعے ادائیگی کی جائے گی، جبکہ یکم فروری سے صوبے کے تمام اماموں کو اعزازیہ کارڈ کے ذریعے مالی اعزازیہ فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ آئمہ کرام کی رجسٹریشن کا عمل مسلسل جاری رہے۔ اب تک 62,994 رجسٹریشن فارم وصول ہو چکے ہیں جبکہ تصدیق کا عمل بھی جاری ہے۔
اعزازیہ صرف انہی اماموں کو دیا جائے گا جو ملک و قوم کے مفادات کے خلاف کام نہیں کرتے اور اخلاقی یا مالی جرائم میں ملوث نہیں ہیں۔ غیر قانونی یا جرائم میں ملوث اماموں کا اعزازیہ فوری طور پر معطل کیا جائے گا۔
صوبے بھر میں مسجد مینجمنٹ کمیٹیاں اور تحصیل مینجمنٹ کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہر ماہ آئمہ کرام کو مدعو کر کے اجلاس کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مساجد کی نگرانی اور انتظامات بہتر ہوں۔
حساس علاقوں میں کومبنگ آپریشنز مسلسل جاری رہیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیف سٹی کیمروں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر سخت کارروائی کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں، غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف آپریشنز بھی جاری رہیں گے اور فورتھ شیڈول جرائم پیشہ افراد کی ڈیجیٹل نگرانی کے اقدامات کیے جائیں گے
