
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (FDI) میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں بیرونی سرمایہ کاری میں 25 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ملک میں 92 کروڑ 74 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی، جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے میں یہ سرمایہ کاری ایک ارب 24 کروڑ ڈالر رہی تھی، یوں سرمایہ کاری میں تقریباً 31 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ نومبر 2025 میں غیرملکی سرمایہ کاری 16 فیصد کمی کے بعد 18 کروڑ ڈالر رہی، جب کہ اکتوبر میں ایف ڈی آئی کا حجم 17 کروڑ 98 لاکھ ڈالر تھا۔ نومبر کے دوران سب سے زیادہ سرمایہ کاری چین کی جانب سے کی گئی، جس کی مالیت 8 کروڑ 16 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ پاور سیکٹر میں 8 کروڑ 61 لاکھ ڈالر اور مالیاتی کاروبار کے شعبے میں 6 کروڑ 77 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی۔ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں مجموعی بیرونی سرمایہ کاری 31 کروڑ 37 لاکھ ڈالر رہی، جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ حجم ایک ارب 39 کروڑ ڈالر تھا۔
