سانحہ لاہور : ایم پی اے رانا راشد منہاس، عامر سندھو، منیر جٹ اور ملک شعبان کی لواحقین سے تعزیت، اجتماعی دعا

لاہور (ویب ڈیسک): سانحہ لاہورکے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی، تعزیت اور ہمدردی کے لیے سیاسی، سماجی اور سرکاری شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سوگوار خاندانوں کے گھروں کا رخ کر رہے ہیں تاکہ ان کے غم میں شریک ہو سکیں۔
اسی سلسلے میں حلقے کے رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) رانا راشد منہاس، مرکزی جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ آرگنائزیشن عامر سندھو، انفورسمنٹ انسپکٹر منیر جٹ، معروف سماجی کارکن ملک شعبان سمیت علاقے کی متعدد معزز سیاسی و سماجی شخصیات نے متاثرہ خاندان کے گھر جا کر لواحقین سے ملاقات کی اور دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
تعزیتی ملاقات کے دوران رہنماؤں نے سانحے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور مرحومین کی مغفرت، درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی اجتماعی دعا بھی کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا راشد منہاس، عامر سندھو، منیر جٹ، ملک شعبان اور دیگر معززین نے کہا کہ سانحہ لاہور ایک ناقابلِ فراموش اور انتہائی افسوسناک المیہ ہے جس نے پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع پوری قوم کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، اور اس دکھ کی گھڑی میں ہر فرد متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہے۔
انہوں نے لواحقین کو یقین دلایا کہ وہ اس آزمائش کی گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ہر ممکن اخلاقی، سماجی اور انسانی تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ متعلقہ ادارے اس سانحے کے اسباب کا مکمل جائزہ لے کر ایسے مؤثر اقدامات کریں گے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
