پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے سنسنی خیز فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا
اسپورٹس ڈیسک | November 23, 2025

دوحا: پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے فائنل میں بنگلہ دیش اے کو سپر اوور میں شکست دے کر چیمپیئن کا تاج اپنے نام کرلیا۔
دوحا میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز فائنل میں بنگلہ دیش اے نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان شاہینز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی بیٹرز ابتدا میں دباؤ میں نظر آئے اور ابتدائی دو وکٹیں صرف دو رنز پر گر گئیں۔ اوپنر یاسر خان اور تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے محمد فائق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
معاذ صداقت نے 18 گیندوں پر 23 رنز بنائے، جبکہ عرفات منہاس نے 25 رنز کی کارکردگی دکھائی۔ کپتان عرفان خان نیازی صرف 9 رنز بناپائے۔ سب سے شاندار بیٹنگ سعد مسعود نے کی، جنہوں نے 26 گیندوں پر 38 رنز بنائے اور پاکستان کو مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 125 رنز تک پہنچایا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ریپن مینڈول نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رکیب الحسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش کی بیٹنگ بھی مشکلات کا شکار رہی اور ابتدائی 4 وکٹیں صرف 44 رنز پر گر گئیں۔ اوپنر حبیب الرحمان سوہان نے 26 رنز بنائے، جبکہ رکیب الحسن اور ایس ایم مہروب نے بالترتیب 24 اور 19 رنز بنائے۔ لیکن آخری وکٹ نے میچ کو دلچسپ موڑ دیا اور عبدالغفار ثقلین اور ریپن منڈول کی شراکت نے بنگلہ دیش کو مقررہ اوورز میں پاکستان کے برابر کر دیا۔
سپر اوور میں بنگلہ دیش نے 2 وکٹوں پر 6 رنز بنائے، احمد دانیال نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی جانب سے سعد مسعود اور معاذ صداقت نے بغیر کسی نقصان کے پانچویں گیند پر 8 رنز بنا کر ٹیم کو تیسری مرتبہ ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا چیمپیئن بنادیا۔
پاکستان شاہینز نے اس سے قبل 2019 اور 2023 میں بھی یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ فائنل میں ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی بھی موجود تھے۔
