پیپلز پارٹی چوروں کا ٹولہ، PTI کا اتحاد سے انکار کر دیا

لاہور (ویب ڈیسک): پاکستان تحریکِ انصاف (PTI) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ساتھ کسی بھی قسم کے سیاسی اتحاد کے امکان کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی واضح ہدایات کے تحت پی پی پی کے ساتھ اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ایک حالیہ انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی چوروں کا ٹولہ ہے اور موجودہ حکومت پی ٹی آئی کے مبینہ چوری شدہ مینڈیٹ پر قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ نہ بننے کا ڈرامہ رچانے کے باوجود انتظامیہ اور اقتدار کے ہر حصے میں اپنا مکمل مفاد حاصل کر رہی ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے تعلقات پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے دنوں میں یہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے پر سخت تبرا کرتی ہیں اور ایک دوسرے کو ان کی "اوقات” یاد دلاتی ہیں، مگر اقتدار کے حصول کے لیے الیکشن کے بعد فوری طور پر آپس میں اتحاد قائم کر لیتی ہیں۔
سیاسی جوڑ توڑ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی نے انکشاف کیا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کئی تفصیلی ملاقاتیں ہوئیں۔ مولانا نے معاملے پر اپنی پارٹی کی شوریٰ کے اجلاس تک کا وقت مانگا تھا، تاہم بعد میں انہوں نے تحریکِ انصاف کے ساتھ باضابطہ اتحاد کرنے سے انکار کر دیا۔
پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سہیل آفریدی اس وقت متوقع لانگ مارچ کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور عوامی احتجاج کی بنیاد مضبوط کی جا رہی ہے۔ شیخ وقاص اکرم نے اس تاثر کو بھی یکسر رد کر دیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے حکومت یا کسی ادارے کے ساتھ کوئی پسِ پردہ مذاکرات یا ڈیل ہو رہی ہے۔
