ویب ڈیسک | 4 فروری 2026
پاکستان میں رواں برس رمضان المبارک کے آغاز سے متعلق تازہ فلکیاتی پیش گوئی سامنے آ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر پاکستان میں پہلا روزہ 19 فروری 2026 کو ہونے کا امکان ہے، تاہم حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش 17 فروری کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر ہوگی۔ ماہرین کے مطابق چاند کی پیدائش کے بعد اگلے روز اس کی عمر اور موسمی حالات رویت کے لیے موزوں ہوں گے، جس کے باعث چاند نظر آنے کے امکانات خاصے مضبوط ہیں۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق 18 فروری کو پاکستان کے مختلف علاقوں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ اسی بنیاد پر یکم رمضان المبارک 19 فروری بروز جمعرات ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
کراچی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 18 فروری کو چاند کی عمر تقریباً 26 گھنٹے ہوگی۔ اسی روز کراچی میں سورج شام 6 بج کر 25 منٹ پر غروب ہوگا جبکہ چاند 7 بج کر 24 منٹ پر غروب ہوگا، جو رویت کے لیے ایک موزوں دورانیہ سمجھا جاتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ فلکیاتی تجزیے چاند نظر آنے کے حق میں ہیں، تاہم رمضان المبارک کے آغاز سے متعلق حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہی کیا جائے گا۔

