
شہید کی قربانی بے مثال جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن سے بے لوث محبت کی روشن علامت قرار
اردو ڈیسک
December 18, 2025
راولپنڈی:
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نشانِ حیدر کے حامل عظیم سپاہی لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی 54ویں یومِ شہادت کے موقع پر مسلح افواج کے سربراہان نے انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے شہید کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہوئے اسے پاکستان کی عسکری تاریخ کا سنہرا باب قرار دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید جرات، بے خوفی اور مادرِ وطن سے غیر متزلزل وفاداری کی اعلیٰ مثال تھے۔ 1971 کی جنگ کے دوران واہگہ سیکٹر میں انہوں نے دشمن کے مضبوط مورچوں کے سامنے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید زخمی ہونے اور مسلسل دشمن کی فائرنگ کے باوجود شہید محمد محفوظ نے پیچھے ہٹنے کے بجائے آگے بڑھ کر دشمن کا مقابلہ جاری رکھا اور وطن کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا۔
فوجی ترجمان نے کہا کہ شہید کی قربانی پاکستان کی مسلح افواج کی تاریخ میں بے مثال حیثیت رکھتی ہے، جو ناقابلِ تسخیر عزم، اعلیٰ عسکری مہارت اور بے لوث جذبۂ قربانی کی عکاس ہے۔ ایسی قربانیاں افواجِ پاکستان اور قوم کے درمیان مضبوط اور مقدس رشتے کو مزید استحکام دیتی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ یومِ شہادت کے موقع پر مسلح افواج نے ملکی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے عزم کی تجدید کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ قوم کے ہیروز کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔
بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی شجاعت اور قربانی ہمیشہ قومی یادداشت کا حصہ رہے گی اور آنے والی نسلوں کے لیے حوصلے، عزم اور حب الوطنی کی روشن مثال بنی رہے گی۔
خصوصی قرآن خوانی کا اہتمام
لانس نائیک محمد محفوظ شہید کے یومِ شہادت کے موقع پر ملک بھر میں مساجد میں قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ علماء کرام نے شہید کے بلند درجات اور مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
علماء کرام نے اپنے بیانات میں کہا کہ پاکستان کا قیام اور استحکام شہداء کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ وطن پر جان نچھاور کرنے والے جوان قوم کا حقیقی سرمایہ اور فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کا مقدس لہو پوری قوم پر قرض ہے، اور باشعور قومیں اپنے محسنوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ علماء کرام نے واضح کیا کہ جو اقوام اپنے شہداء کی تکریم نہیں کرتیں، وہ تاریخ میں رسوا ہو جاتی ہیں۔
علماء کا کہنا تھا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید دھرتی کے وہ دلیر سپوت ہیں جو قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، اور شہداء کی قربانیاں ملکی وقار، استحکام اور قومی عظمت کی مضبوط بنیاد ہیں۔
پوسٹ کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار لازمی کریں