اسلام آباد – پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ایک شخص کی ذاتی خواہشات اور سیاسی بیانیہ قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ شخص اپنی ذات کا قیدی ہے اور کہتا ہے: "میں نہیں تو کچھ نہیں”۔ اس کا موقف ہے کہ جو بھی اس کی پارٹی سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جائے یا آئی ایس پی آر سے تعلق رکھے، وہ غدار ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اس شخص کی سیاست اقتدار میں ہو تو جمہوریت، اقتدار سے باہر ہو تو آمریت کی بنیاد پر چلتی ہے، اور اس کی سیاسی شعبدہ بازی کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر پابندی اور خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے فیصلے حکومت کرے گی، اور عوام کو افواج کے خلاف بھڑکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ مسلح افواج اور اس کی قیادت پر مزید حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ریاست کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوج ریاست نہیں بلکہ ایک ادارہ ہے اور عوام و ریاست کے تحفظ کے لیے اپنا موقف دیتی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ منفی بیانیہ اب سیاست کے دائرے سے نکل کر قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ افغان اور بھارتی میڈیا اس بیانیے کو بڑھاوا دیتے ہیں، جبکہ عوام کو افواج کے خلاف بھڑکانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور فریب کا کاروبار پاکستان میں مزید نہیں چلے گا اور دہشت گردوں سے مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہیں، صرف افغان طالبان رجیم سے ریاست کی سطح پر بات چیت ہوگی۔

