سعودی وزیر دفاع سے ملاقات، دفاعی و علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو
اردو ڈیسک
December 22, 2025
راولپنڈی:
چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کو مملکتِ سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران اعلیٰ ترین قومی اعزاز سے نوازا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے متعدد اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں خطے کی سلامتی کی صورتحال، دفاعی و عسکری تعاون، اسٹریٹجک شراکت داری اور بدلتے ہوئے جغرافیائی چیلنجز زیرِ بحث آئے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دورے کے موقع پر خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے خصوصی فرمان کے تحت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مملکتِ سعودی عرب کا اعلیٰ ترین قومی اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسی لینس عطا کیا گیا۔
یہ اعزاز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی غیر معمولی عسکری خدمات، مؤثر قیادت اور دفاعی شعبے میں نمایاں کردار کے اعتراف کے طور پر دیا گیا۔ سعودی قیادت نے خطے میں امن و استحکام، انسدادِ دہشت گردی اور مشترکہ سلامتی کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر سعودی حکام نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کلیدی کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس اعزاز پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرپا تعلقات کی علامت ہے۔ انہوں نے مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسی لینس کا عطا کیا جانا پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نئی مضبوطی اور علاقائی و عالمی امن کے فروغ کے لیے مشترکہ اسٹریٹجک شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔

