نورخان ایئربیس پر لڑاکا طیاروں کی سلامی، مسلح دستے کا گارڈ آف آنر
اسلام آباد (ویب ڈیسک) | 26 دسمبر 2025
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ایک روزہ سرکاری و تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ نورخان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کابینہ کے ہمراہ معزز مہمان کا خیرمقدم کیا۔
ایئربیس پر معزز مہمان کے طیارے کے لینڈ کرنے پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے سلامی دی، جبکہ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
استقبال کے موقع پر وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال، عطا تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ وزیراعظم نے اماراتی صدر کو کابینہ اراکین سے بھی متعارف کرایا۔
ذرائع کے مطابق یو اے ای کے صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔ دورے کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اہم معاشی و تجارتی معاہدوں کی منظوری متوقع ہے۔ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ سفارتی اور اقتصادی تعلقات میں نئی جہت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق اس دورے میں دوطرفہ تعاون، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ معزز مہمان کی صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ اسی تناظر میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی اماراتی صدر کے دورۂ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اہلِ پنجاب کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات لازوال اور بے مثال ہیں، اور صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا دورہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔

