وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی کی اہم ملاقات ہوئی جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات میں صوبہ خیبر پختونخوا کی مجموعی سیاسی، انتظامی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر امیر مقام، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ اور خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم بھی موجود تھے۔
ملاقات میں خیبر پختونخوا میں امن و امان، معاشی چیلنجز، ترقیاتی منصوبوں اور وفاق و صوبے کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر گفتگو کی گئی۔ وزیر اعلیٰ سہیل خان آفریدی نے صوبے کو درپیش مسائل سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے وفاقی تعاون کی درخواست کی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق طویل عرصے بعد یہ ملاقات ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں میں یہ تاثر بھی سامنے آ رہا ہے کہ “کفر ٹوٹا، خدا خدا کر کے”، بالآخر وزیر اعلیٰ سہیل خان آفریدی نے اپنے صوبے کے لیے عملی قدم اٹھا لیا ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس رابطے کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کے عوام کی زندگیوں میں بہتری آئے گی اور ترقیاتی عمل کو نئی سمت ملے گی۔

