معاشی محاذ پر بڑی کامیابی: سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹس رول اوور کر دیے

اسلام آباد: پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے سعودی عرب کی جانب سے ایک بار پھر بڑا تعاون سامنے آیا ہے۔ سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھے گئے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹس کی مدت میں توسیع (رول اوور) کر دی ہے، جس کے لیے باقاعدہ معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
یہ اہم پیش رفت واشنگٹن ڈی سی میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر ہوئی۔ معاہدے پر سعودی فنڈ برائے ترقی (SFD) کے سی ای او سلطان بن عبدالرحمان المرشد اور گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے دستخط کیے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ پاک-سعودی عرب کے مضبوط اقتصادی تعلقات کا عکاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس رول اوور سے پاکستان کے بیرونی مالیاتی استحکام کو مزید تقویت ملے گی اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہوگا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان کو سعودی عرب سے مزید 2 ارب ڈالر کے ڈپازٹ بھی موصول ہوئے ہیں، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اچانک کمی کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ یہ پیش رفت اس وقت نہایت اہمیت کی حامل ہے جب پاکستان کو رواں ماہ متحدہ عرب امارات (UAE) کو ساڑھے 3 ارب ڈالر کی ادائیگی کرنی ہے، جبکہ حال ہی میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کے یورو بانڈز کی ادائیگی بھی کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے وزٹ کریں: UrduDesk.com
