بھارت اور آسٹریلیا کی جانب سے شہریت کی پیشکش ٹھکرا دی، راشد خان کا بڑا انکشاف

کابل (اردو ڈیسک): افغانستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز لیگ اسپنر راشد خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ماضی میں بھارت اور آسٹریلیا جیسے بڑے ممالک کی جانب سے شہریت اور ان کی قومی ٹیموں کی طرف سے کرکٹ کھیلنے کی پیشکشیں کی گئی تھیں، جنہیں انہوں نے اپنے ملک کی محبت میں مسترد کر دیا۔
بھارتی شہریت کی پیشکش اور راشد کا جواب این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق راشد خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ 2023ء میں ایک اہم شخصیت نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ افغانستان چھوڑ کر بھارت منتقل ہو جائیں اور وہیں کی شہریت لے کر بھارتی ٹیم کی نمائندگی کریں۔ راشد خان کے بقول، "میرا جواب بڑا واضح تھا کہ میں صرف اپنے ملک افغانستان کی نمائندگی جاری رکھوں گا۔”
وطن سے وفاداری پہلی ترجیح راشد خان نے بتایا کہ اس طرح کی پیشکشیں انہیں آسٹریلیا کی جانب سے بھی مل چکی ہیں، مگر ان کا موقف ہمیشہ دو ٹوک رہا ہے۔ انہوں نے کہا، "اگر میں افغانستان کے لیے نہیں کھیلوں گا تو دنیا کے کسی اور ملک کے لیے بھی نہیں کھیلوں گا۔”
افغان عوام کا فخر لیگ اسپنر نے اپنے فیصلے کو وطن سے وفاداری اور محبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے پہلی اور آخری ترجیح ہمیشہ افغانستان ہی رہے گا۔ راشد خان کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر افغان کرکٹ شائقین کی جانب سے بھرپور پزیرائی مل رہی ہے اور انہیں ‘سچا محبِ وطن’ قرار دیا جا رہا ہے۔
