تیل کی آزاد مارکیٹ سب کے لیے ہو گی یا کسی کے لیے نہیں، ایرانی نائب صدر رضا عارف کا دنیا کو انتباہ

تہران (اردو ڈیسک): ایرانی نائب صدر رضا عارف نے عالمی منڈی میں تیل کی تجارت اور سیکیورٹی کے حوالے سے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل کی آزاد مارکیٹ یا تو سب کے لیے ہوگی یا پھر کسی کے لیے نہیں رہے گی۔
عالمی معیشت کو خطرات کا انتباہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری اپنے ایک بیان میں رضا عارف نے کہا کہ ایرانی تیل کی برآمدات پر عائد پابندیاں نہ صرف ایران بلکہ پوری دنیا کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی ایندھن کی قیمتوں میں استحکام صرف اسی صورت ممکن ہے جب ایران اور اس کے اتحادیوں کے خلاف معاشی اور فوجی دباؤ کا مستقل خاتمہ کیا جائے۔
آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی اور عالمی ذمہ داری نائب صدر نے آبنائے ہرمز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم تجارتی گزرگاہ کی سیکیورٹی مفت دستیاب نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ ممکن نہیں ہے کہ ایک طرف تو ایرانی تیل کی برآمدات روکی جائیں اور دوسری طرف دوسروں کے لیے سیکیورٹی اور تحفظ کی توقع کی جائے۔”
واضح پیغام رضا عارف نے اپنے پیغام میں دو ٹوک لفظوں میں کہا کہ اب دنیا کے پاس انتخاب واضح ہے؛ یا تو سب کے لیے تیل کی آزاد منڈی کو یقینی بنایا جائے یا پھر سب مل کر عالمی توانائی کی قیمتوں میں اضافے اور بھاری قیمت چکانے کے خطرے کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔
