کینیا کے سباسٹین ساوے کا تاریخی کارنامہ: لندن میراتھن 2026 میں نیا عالمی ریکارڈ قائم

لندن (ویب ڈیسک): کینیا کے مایہ ناز ایتھلیٹ سباسٹین ساوے نے لندن میراتھن 2026 میں تاریخ رقم کرتے ہوئے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ وہ باضابطہ مقابلے میں دو گھنٹے سے کم وقت میں میراتھن مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔
لندن میں منعقدہ اس معروف عالمی مقابلے میں ساوے نے 42.195 کلومیٹر کا طویل فاصلہ صرف 1 گھنٹہ 59 منٹ 30 سیکنڈ میں طے کیا۔ اس شاندار فتح کے ساتھ انہوں نے نہ صرف پہلی پوزیشن حاصل کی بلکہ ایتھلیٹکس کی دنیا میں ایک ایسا سنگ میل عبور کر لیا جسے طویل عرصے تک ناممکن سمجھا جاتا تھا۔
سباسٹین ساوے نے کینیا ہی کے آنجہانی رنر کیلون کِپٹم کا 2023 میں قائم کردہ 2 گھنٹے 35 سیکنڈ کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ ریس کے آخری لمحات میں ساوے کی رفتار دیدنی تھی جس نے تماشائیوں کو حیران کر دیا۔ مقابلے میں ایتھوپیا کے یومِف کیجلچا دوسرے اور یوگنڈا کے جیکب کپلِمو تیسرے نمبر پر رہے؛ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان دونوں ایتھلیٹس نے بھی سابقہ عالمی ریکارڈ سے بہتر وقت نکالا، مگر ساوے کی غیر معمولی کارکردگی نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ماہرینِ کھیل اس کارنامے کو انسانی ہمت اور ایتھلیٹکس کی تاریخ کا ایک نیا باب قرار دے رہے ہیں۔
