بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم 20 ہزار روپے کرنے کی تجویز

اسلام آباد (ویب ڈیسک)
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ 27-2026 کے تناظر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت مستحقین کو دی جانے والی سہ ماہی رقم میں 5 ہزار 500 روپے اضافے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے تجویز دی ہے کہ غریب اور مستحق خاندانوں کے لیے کفالت پروگرام کی موجودہ رقم کو 14 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے مقرر کیا جائے۔ اس وقت آئی ایم ایف مشن اور بی آئی ایس پی حکام کے درمیان اہم مذاکرات جاری ہیں، جس میں مشن کو پروگرام کے تمام آپریشنز اور سوشل پروٹیکشن سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی جا رہی ہے۔
ملاقاتوں کے دوران بی آئی ایس پی حکام نے آئی ایم ایف مشن کو کفالت پروگرام میں رجسٹرڈ خاندانوں کے ڈیٹا، سہہ ماہی اقساط کی تقسیم اور آئندہ مالی سال کی مالی ضروریات سے آگاہ کیا۔ آئی ایم ایف نے زور دیا ہے کہ مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے آئندہ مالی سال میں کفالت پروگرام کی سہ ماہی رقم میں اضافہ ناگزیر ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مشن کے شیڈول کے مطابق آج مجموعی طور پر 4 اہم ملاقاتیں طے ہیں، جن میں سے ایک ملاقات بی آئی ایس پی حکام کے ساتھ جبکہ دیگر تین ملاقاتیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے حکام کے ساتھ ہوں گی جس میں ٹیکس ہدف اور معاشی اصلاحات کا جائزہ لیا جائے گا۔
