بھارت کا نیا ٹی ٹوئنٹی کپتان کون؟ نام سامنے آ گیا، سوریا کمار یادیو کی چھٹی

بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں متوقع؛ شریاس ایئر نئے کپتان بننے کے لیے مضبوط امیدوار
نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی قیادت اور اسکواڈ میں بہت بڑی اور حیران کن تبدیلیاں متوقع ہیں، جس کے تحت ورلڈ کپ فاتح کپتان سوریا کمار یادیو کو نہ صرف کپتانی سے ہٹایا جا رہا ہے بلکہ خراب فارم کے باعث ٹیم سے بھی ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، کرکٹ بورڈ (BCCI) کی سلیکشن کمیٹی 2028 میں ہونے والے لاس اینجلس اولمپکس اور اسی سال آسٹریلیا و نیوزی لینڈ میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے طویل مدتی حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔
شریاس ایئر نئے کپتان، تلک ورما نائب کپتان ہوں گے
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسٹار بلے باز شریاس ایئر کو سوریا کمار یادیو کی جگہ بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا جا رہا ہے۔ شریاس ایئر کا بطور کپتان آئی پی ایل میں ریکارڈ انتہائی شاندار رہا ہے۔ وہ 2024 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو چیمپئن بنوا چکے ہیں جبکہ مختلف فرنچائزز کو فائنل تک پہنچانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ حالیہ سیزن میں بھی انہوں نے شاندار بیٹنگ اور قیادت کا مظاہرہ کیا۔
دوسری جانب، مستقبل کی قیادت تیار کرنے کے لیے نوجوان بلے باز تلک ورما کو ٹیم کا نیا نائب کپتان بنائے جانے کا قوی امکان ہے۔
سوریا کمار یادیو اسکواڈ سے بھی باہر؟
رپورٹس کے مطابق، سوریا کمار یادیو نے مارچ 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور اس کے بعد آئی پی ایل کے حالیہ سیزن میں توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کیا۔ 35 سالہ بیٹر کی انفرادی فارم میں مسلسل گراوٹ کو دیکھتے ہوئے سلیکٹرز اب انہیں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ سیریز کے اسکواڈ سے بھی باہر کر سکتے ہیں۔
15 سالہ سنسنی خیز بلے باز ویبھاؤ سوریاونشی کی انٹری
بھارتی کرکٹ کے سنسنی خیز اور ابھرتے ہوئے 15 سالہ بلے باز ویبھاؤ سوریاونشی کو پہلی بار سینئر بھارتی ٹیم میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ ویبھاؤ نے آئی پی ایل 2026 میں راجستھان رائلز کی نمائندگی کرتے ہوئے طوفانی بیٹنگ کی اور 776 رنز بنا کر اورینج کیپ اپنے نام کی۔ انہوں نے پورے سیزن میں ریکارڈ 72 چھکے لگائے اور ٹورنامنٹ کے سب سے قیمتی کھلاڑی (MVP) قرار پائے۔
چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کی سربراہی میں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ کا باقاعدہ اعلان رواں ہفتے ہفتے کے روز کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بھارتی ٹیم کا دورہِ یورپ 26 جون سے آئرلینڈ کے خلاف شروع ہو رہا ہے، جہاں شریاس ایئر کی قیادت میں ایک بالکل نئے اور نوجوان بھارتی اسکواڈ کے میدان میں اترنے کی توقع ہے۔
