سانگلہ ہل: دوست کی جدائی کا غم، 2 نوجوانوں نے قبر پر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے بعد خودکشی کر لی

سانگلہ ہل (ویب ڈیسک)
دوستی کی لازوال لیکن انتہائی دلخراش داستان؛ سانگلہ ہل کے نواحی علاقے میں اپنے دیرینہ دوست کی وفات کے غم میں نڈھال دو نوجوانوں نے دوست کی قبر پر جا کر زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ خودکشی سے قبل دونوں نے قبر پر ایک الوداعی ٹک ٹاک ویڈیو بھی ریکارڈ کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق، نواحی چک نمبر 41 مڑ کے رہائشی تین نوجوان — محمد سلمان، اسد علی اور محمد طیب — آپس میں انتہائی گہرے دوست تھے۔ عیدالاضحیٰ سے چند روز قبل محمد سلمان اچانک وفات پا گیا، جس کے بعد سے اسد اور طیب شدید ذہنی تناؤ اور گہرے صدمے کا شکار تھے۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر دونوں دوست سلمان کی قبر پر گئے اور وہاں ایک ٹک ٹاک ویڈیو بنائی، جس میں انہوں نے اپنے مرحوم دوست کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "ہم جلد تمہارے پاس آ رہے ہیں”۔
گزشتہ روز نمازِ فجر کے فوراً بعد اسد علی اور محمد طیب دوبارہ محمد سلمان کی قبر پر پہنچے اور وہاں زہریلی گولیاں کھا لیں۔ حالت بگڑنے پر دونوں کو فوری طور پر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیا گیا، تاہم زہر جسم میں پھیل جانے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے اور دم توڑ گئے۔
ایک ہی گاؤں کے دو نوجوانوں کی اس طرح اچانک موت پر پورے علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔ متوفی اسد علی اور محمد طیب کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں نم آنکھوں کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔
