پاکستان میں 24 سال بعد انٹرنیشنل ہاکی کی واپسی، جنوبی کوریا نے دورۂ پاکستان کی تصدیق کر دی

Pakistan and South Korea hockey players competing on the field in Islamabad stadium
پاکستان اور جنوبی کوریا کے مابین اسلام آباد میں انٹرنیشنل ہاکی سیریز کے شیڈول کی تصدیق

اسلام آباد: پاکستان میں 24 سال بعد انٹرنیشنل ہاکی کی واپسی کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو جنوبی کوریا کی ہاکی فیڈریشن کی جانب سے قومی سینئر ٹیم پاکستان بھیجنے کی باضابطہ تصدیق موصول ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم جولائی 2026 میں پاکستان کا دورہ کرے گی اور پاکستان کے خلاف میچز اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔ یہ 24 سال بعد کسی غیر ملکی قومی سینئر ہاکی ٹیم کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا، جسے پاکستانی ہاکی کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔

پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی کے مطابق پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان سیریز کے حتمی شیڈول کو آئندہ دو سے تین روز میں حتمی شکل دے دی جائے گی، جس کے بعد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ یہ دورہ ملک میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کی مکمل بحالی کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا اور اس سے دیگر ممالک کی ٹیموں کے پاکستان آنے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

واضح رہے کہ 2024 میں جرمنی کی جونیئر ہاکی ٹیم کے علاوہ ہالینڈ اور جرمنی کے بعض ہاکی کلبز نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، تاہم کسی قومی سینئر ٹیم کا پاکستان آنا ایک منفرد اور تاریخی پیش رفت ہے۔

کھیلوں کے حلقوں اور ہاکی شائقین نے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے پاکستان میں ہاکی کے فروغ اور عالمی سطح پر کھیل کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے