اداکارہ مومنہ اقبال کا ناصر مدنی کو قانونی نوٹس، معافی کا مطالبہ

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال اور مذہبی اسکالر ناصر مدنی کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ اداکارہ نے اپنے وکیل ایڈووکیٹ عدنان احسان خان کے ذریعے ناصر مدنی کو قانونی نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے مبینہ ہتک آمیز بیانات پر وضاحت، عوامی سطح پر معذرت اور متعلقہ مواد فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ساکھ اور عزت کو نقصان پہنچانے کا الزام
قانونی نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ناصر مدنی کی جانب سے مومنہ اقبال کے بارے میں دیے گئے بعض بیانات ان کی ساکھ، عزت اور پیشہ ورانہ زندگی کو شدید نقصان پہنچانے کا باعث بنے ہیں۔ نوٹس کے مطابق یہ ریمارکس صریحاً ہتکِ عزت کے زمرے میں آتے ہیں، لہٰذا فوری طور پر ان کی تردید کی جائے اور پبلک فورمز پر معافی مانگی جائے۔
نوٹس میں مزید تنبیہ کی گئی ہے کہ اگر مقررہ مدت کے اندر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو اداکارہ اپنے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے مزید قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہیں۔
’’میں آپ کو معاف نہیں کروں گی‘‘: مومنہ اقبال کا شدید ردعمل
قانونی نوٹس جاری ہونے سے قبل مومنہ اقبال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی ایک اسٹوری کے ذریعے ناصر مدنی کے بیانات پر شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ناصر مدنی نے منبر پر بیٹھ کر ان پر لگائے گئے الزامات اور تہمتوں کو مزید ہوا دی۔
مومنہ اقبال نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا:
"میں دنیا اور آخرت دونوں کی عدالتوں میں سرخرو ہوں گی، کیونکہ ان پر لگائے گئے الزامات کی حقیقت صرف وہ خود اور اللہ تعالیٰ جانتے ہیں۔ میں ناصر مدنی کو کبھی معاف نہیں کروں گی۔”
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا کہ اسلام میں بغیر ثبوت کسی پر الزام لگانا اور اس کی عزت کو نقصان پہنچانا سنگین گناہ ہے۔ انہوں نے سورۂ نور کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر بات کا حساب ہونا ہے اور انصاف ضرور ہوگا۔
دیگر قانونی مقدمات کا پس منظر
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مومنہ اقبال پہلے ہی مختلف قانونی تنازعات اور ہراسانی سے متعلق مقدمات کے باعث خبروں میں ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے پنجاب اسمبلی کے رکن ثاقب چدھڑ کے خلاف مبینہ سائبر ہراسانی، دھمکیوں اور بلیک میلنگ کے الزامات پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) سے رجوع کیا تھا، جس کے بعد ان کے خلاف پیکا (PECA) ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کیا جا چکا ہے۔
شوبز اور سوشل میڈیا حلقوں میں اس وقت یہ معاملہ کافی گرم ہے اور اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ ناصر مدنی اس قانونی نوٹس کا کیا جواب دیتے ہیں۔

