سینیٹر خرم ذیشان کا پارٹی عہدے اور سینیٹ کی نشست چھوڑنے کا اعلان، الزامات پر قانونی کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر خرم ذیشان نے پارٹی عہدے اور سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے، تاہم انہوں نے اپنا حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کی صوابدید سے مشروط قرار دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے گولڈ مائننگ سے متعلق عائد کیے جانے والے الزامات پر ہتکِ عزت کی قانونی کارروائی شروع کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے اپنے ایک ویڈیو بیان میں سینیٹر خرم ذیشان کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی عہدے اور سینیٹ کی نشست چھوڑنے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور اس حوالے سے اپنا استعفیٰ پارٹی چیئرمین، جنرل سیکرٹری، اپوزیشن لیڈر اور پارلیمانی لیڈر کو بھجوا دیں گے۔
اپنے بیان میں انہوں نے آئینی تقاضوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت ملنے پر وہ خود ایوانِ بالا (سینیٹ) میں پیش ہوں گے اور چیئرمین سینیٹ کے روبرو استعفے کی تصدیق سمیت تمام قانونی و آئینی کارروائی مکمل کریں گے۔
تاہم، سینیٹر خرم ذیشان نے یہ واضح کیا کہ اگر پارٹی قیادت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مفاد میں ان کا ووٹ استعمال کرنے کے لیے استعفیٰ منظور نہ کرنے کا فیصلہ کرتی ہے، تو وہ قیادت کے اس فیصلے کا مکمل احترام کریں گے۔ ان کے بقول ان کا ووٹ عمران خان کی امانت ہے اور وہ اس میں کسی قسم کی خیانت نہیں کریں گے۔
مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے خرم ذیشان نے کہا کہ وہ آئندہ سینیٹ یا کسی بھی دوسرے انتخاب میں پارٹی ٹکٹ کے امیدوار نہیں بنیں گے، بلکہ ایک عام کارکن اور پاکستانی شہری کی حیثیت سے اپنے ضمیر کے مطابق عمران خان کی جدوجہد کا ساتھ دیتے رہیں گے۔
دوسری جانب، گولڈ مائننگ سے متعلق حالیہ الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے افراد کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کرنے کے لیے وکلا سے مشاورت کی جا رہی ہے اور آئندہ چند روز میں متعلقہ افراد کو باقاعدہ قانونی نوٹس ارسال کر دیے جائیں گے۔
