مشی گن: ڈیموکریٹ امیدوار عبدل السید نے سینیٹ کی نشست جیت لی، مائک راجرز کو شکست

ڈیٹرائٹ (ویب ڈیسک): امریکی مڈٹرم انتخابات میں مشی گن کی سینیٹ کی نشست پر بڑا سیاسی الٹ پھیر دیکھنے میں آیا ہے، جہاں ڈیموکریٹ امیدوار عبدل السید نے اپنے سخت حریف مائک راجرز کو شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کر لی ہے۔
فتح کے بعد اپنے خطاب میں عبدل السید نے اس کامیابی کو عوام کے نام کرتے ہوئے کہا کہ "یہ میری نہیں بلکہ مزدوروں اور عام لوگوں کی جنگ ہے۔ میں امریکا کی ترقی اور اپنے پالیسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے دن رات کام کروں گا تاکہ عوام کو درپیش مسائل حل کیے جا سکیں۔"
عبدل السید نے اپنی انتخابی مہم کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نام اور عقیدے کو متنازع بنانے اور نشانہ بنانے کی بھرپور کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا:
"ڈونلڈ ٹرمپ اور ہمارے مخالفین نے ہمیں ہرانے کے لیے خطیر رقم خرچ کی اور سنگین الزامات لگائے، لیکن ہم نے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔ آج مشی گن کے عوام نے نفرت اور منفی سیاست کی بجائے امید کو چن لیا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اس فتح سے دنیا بھر کو ایک واضح پیغام جائے گا کہ امریکا اتنا وسیع ہے کہ اس میں ہر مذہب، نسل اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد سما سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی سے ان تمام نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی جنہوں نے سیاسی بیان بازی اور انتخابی مہمات کے دوران مسلم اور دیگر اقلیتی گروہوں کو نشانہ بنتے دیکھا تھا۔
واضح رہے کہ ان امریکی مڈٹرم انتخابات میں عبدل السید کے علاوہ بھی کئی دیگر مسلم امیدوار میدان میں اترے تھے، جن کی پیش رفت پر عالمی میڈیا کی نظریں جمے ہوئی ہیں۔
