پاکستان کا بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کھیلنے کا فیصلہ
آئی سی سی، پی سی بی اور بی سی بی مذاکرات کامیاب، بنگلہ دیش پر کوئی جرمانہ نہیں ہوگا
کراچی (اردو ڈیسک)
پاکستان نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف اپنا گروپ میچ کھیلنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ میچ 15 فروری 2026 کو شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر کیا گیا، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے باضابطہ اعلان جاری کیا۔
اس سے قبل پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے وزیراعظم کو آئی سی سی، پی سی بی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطح مشاورت سے آگاہ کیا۔
Pakistan vs India
حکومتی ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی رسمی درخواستوں اور سری لنکا، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر رکن ممالک کی معاونت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔
اسی تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا، جس میں موجودہ تعطل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
https://www.icc-cricket.com/tournaments/mens-t20-world-cup-2026/news/pakistan-to-play-against-india-in-t20-world-cup-2026
حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کرکٹ کی روح، عالمی کھیل کے تسلسل اور کھیلوں کی اعلیٰ روایات کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔ وزیراعظم اور قوم کی جانب سے قومی ٹیم “مین اِن گرین” کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پی سی بی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے
کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں عدم شرکت پر بنگلہ دیش پر کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔
آئی سی سی کے مطابق بنگلہ دیش کو 2028 سے 2031 کے درمیان ایک آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی بھی دی جائے گی، جبکہ اس پر کسی قسم کی مالی، انتظامی یا اسپورٹنگ پابندی نہیں لگائی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ لاہور میں ہونے والے مذاکرات خوشگوار ماحول میں مکمل ہوئے اور جنوبی ایشیا میں کرکٹ کے مستقبل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ بھی لاہور میں موجود رہے، جہاں مختلف تجاویز پر اتفاق کیا گیا، جن میں بنگلہ دیش کو ہونے والے ممکنہ نقصان کا ازالہ بھی شامل ہے۔
آئی سی سی، پی سی بی اور بی سی بی نے کرکٹ کی وحدت، سالمیت اور برابری کے اصولوں کے تحفظ پر اتفاق کیا ہے۔

