
:کاہنہ نو (لاہور)
پرائیویٹ اسکولز کی نمائندہ تنظیم پی ایس اے کاہنہ نو کا اہم اجلاسِ عام حمزہ ٹاؤن، المعاویہ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت صدر تنظیم غلام عباس قمر صاحب اور چیف ممبر سپریم کونسل جناب منیر احمد چیمہ صاحب نے کی، جبکہ اجلاس کی کارروائی حسبِ دستور جنرل سیکرٹری جناب عبداللطیف فاروقی صاحب نے بطور جنرل سیکرٹری چلائی۔ وہ میزبان بھی تھے اور انہوں نے شرکاء کی پرتکلف تواضع کا خصوصی اہتمام کیا جس پر تمام اراکین نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
اجلاس میں کیبنٹ اور سپریم کونسل کے معزز اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ تنظیمی نظم و ضبط، باہمی ہم آہنگی، اتحاد اور تعلیمی اداروں کے وقار کے تحفظ کو اجلاس کی اہم ترجیحات میں شامل رکھا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ پی ایس اے کاہنہ نو اپنے ممبران کے حقوق اور عزت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھاتی رہے گی۔
سوشل میڈیا بے ضابطگیوں کے خلاف متفقہ حکمتِ عملی
اجلاس میں اس امر پر تفصیلی غور کیا گیا کہ بعض سوشل میڈیا عناصر کی جانب سے معزز اسکول مالکان اور ممبران کے خلاف غیر مصدقہ اور غیر ذمہ دارانہ مواد نشر کیا جا رہا ہے۔ شرکاء نے اس رویے کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف منظم اور قانونی حکمتِ عملی اختیار کرنے پر اتفاق کیا۔
تمام ممبران نے متفقہ طور پر عہد کیا کہ:
کسی بھی ممبر کی عزتِ نفس کو بلاجواز مجروح نہیں ہونے دیا جائے گا۔
تنظیم اپنے ہر رکن کے قانونی اور اخلاقی تحفظ کو یقینی بنائے گی۔
غیر ذمہ دارانہ مہمات کا مؤثر جواب قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے دیا جائے گا۔
تمام ممبران ایک پلیٹ فارم پر متحد رہ کر ایک دوسرے کے وقار کا تحفظ کریں گے۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی ادارے معاشرے کی فکری اور اخلاقی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، لہٰذا اس شعبے سے وابستہ افراد کے خلاف بے بنیاد الزامات یا سستی شہرت کے لیے کی جانے والی مہمات کی روک تھام ناگزیر ہے۔
تاج محل ڈائمنڈ: محبت، اقتدار اور تاریخ کی صدیوں پر پھیلی داستان
نئی لیگل ٹیم کی تشکیلِ نو
اجلاس میں سابقہ لیگل ٹیم کی تحلیل کے بعد نئی لیگل ٹیم کی تشکیلِ نو کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔ ہاؤس نے متفقہ طور پر طے کیا کہ لیگل ٹیم صرف پی ایس اے کے ممبران پر مشتمل ہوگی اور ایسے وکلا کو شامل نہیں کیا جائے گا جو پی ایس اے کے ممبر یا اسکول اونر نہیں ہیں۔ تنظیم کے اندر موجود پریکٹس کرنے والے وکلا کو منظم کر کے ایک مضبوط اور فعال قانونی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔
لیگل ٹیم کے لیے جن ناموں کی تجویز پیش کی گئی ان میں سر عظمان صاحب ،شعیب خان گوروال صاحب ایڈووکیٹ ہائیکورٹ ، شاہد محمود صاحب ایڈوکیٹ ہائیکورٹ ، محمد حسنان بھٹی ایڈووکیٹ، محمد ابرار یونس ایڈووکیٹ، محمد ندیم انجم ایڈووکیٹ ، زاہد سندھو ایڈووکیٹ ، حافظ سلمان ایڈووکیٹ، محمد رضوان جمیل ایڈووکیٹ کے نام پیش کیے گئے۔ ایسے تمام دوست جو پی ایس اے کے ممبر ہیں اور وکالت کے شعبے سے وابستہ ہیں، وہ لیگل ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ حتمی فہرست باہمی مشاورت کے بعد جاری کی جائے گی۔
یہ لیگل ٹیم ممبران کے وقار، عزتِ نفس اور قانونی معاملات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لے گی، جامع رپورٹ مرتب کرے گی اور اسے ہاؤس، کیبنٹ اور سپریم کونسل کے سامنے پیش کرے گی تاکہ آئندہ کے لیے مضبوط اور واضح قانونی حکمتِ عملی اختیار کی جا سکے۔
اجلاس خوشگوار اور باوقار ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔ تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی ایس اے کاہنہ نو اپنے ممبران کے حقوق، عزت اور تعلیمی معیار کے تحفظ کے لیے متحد اور منظم انداز میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور ہر چیلنج کا مقابلہ اتحاد اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے کیا جائے گا۔
