ایف پی ایس سی نے سی ایس ایس 2027 کی اہم تاریخوں کا اعلان کر دیا، ٹیسٹ کب ہوگا؟

اسلام آباد (ویب ڈیسک): سی ایس ایس (CSS) امتحان کے ذریعے بیوروکریسی کا حصہ بننے کے خواہش مند امیدواروں کے لیے اہم ترین خبر آگئی ہے۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن (FPSC) نے سی ایس ایس امتحان 2027 کا ابتدائی شیڈول باضابطہ طور پر جاری کر دیا ہے۔
ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، سی ایس ایس 2027 کے ایم سی کیوز پر مشتمل ابتدائی اسکریننگ ٹیسٹ (MPT) کے لیے آن لائن درخواستیں 3 اگست سے 20 اگست 2026 تک وصول کی جائیں گی، جبکہ ملک بھر میں یہ ابتدائی اسکریننگ ٹیسٹ 27 ستمبر 2026 کو منعقد کیا جائے گا۔
تحریری امتحان کا شیڈول اور اہم تاریخیں: شیڈول کے مطابق اسکریننگ ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کے لیے تحریری امتحان کا باضابطہ اشتہار 8 نومبر 2026 کو جاری کیا جائے گا۔ تحریری امتحان میں شرکت کے خواہش مند اہل امیدوار 10 نومبر سے 25 نومبر 2026 تک اپنی آن لائن درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔
ایف پی ایس سی کے مطابق امیدواروں کو اپنی آن لائن درخواستوں کی ہارڈ کاپیز مع مطلوبہ دستاویزات 4 دسمبر 2026 تک ہیڈ کوارٹر بھیجنا ہوں گی، جس کے بعد سی ایس ایس 2027 کے باقاعدہ تحریری امتحانات کا آغاز 27 جنوری 2027 سے ہوگا۔
امیدواروں کے لیے لازمی ہدایات: واضح رہے کہ سی ایس ایس کے تحریری امتحان میں بیٹھنے کے لیے اسکریننگ ٹیسٹ (MPT) پاس کرنا لازمی ہے، جس میں پاسنگ مارکس 33 فیصد (یعنی 200 میں سے 66 نمبر) ہیں۔ تاہم، اس ٹیسٹ کے نمبر فائنل میرٹ یا پوزیشن کا حصہ نہیں بنیں گے۔ خواہش مند امیدوار مزید تفصیلات اور آن لائن اپلائی کے لیے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی آفیشل ویب سائٹ وزٹ کر سکتے ہیں۔
