بلوچستان میں عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاست کی اولین ترجیح ہے: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

اسلام آباد (خالد محمود): آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن اور فیلڈ فارمشنز کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور بلوچستان میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی خاطر جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بین القوامی تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت سے متعلق امور کو بھی اولیت دی جائے گی۔
امن اور استحکام کے لیے ریاستی اداروں میں ہم آہنگی ناگزیر
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری، بے لوث عزم اور اعلیٰ معیار کے مظاہرے کو بھرپور انداز میں سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مضبوط امن، پائیدار اور پیداواری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے کی خاطر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان باہمی اور مسلسل ہم آہنگی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
فیلڈ مارشل نے دوٹوک الفاظ میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاست کی تمام کوششوں کا مرکزی نکتہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک مستحکم اور محفوظ صوبہ ہی یہاں کے عوام کے لیے ترقیاتی اقدامات، بہتر معاشی مواقع اور روشن مستقبل کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔
شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے افسران اور جوانوں کے غیر متزلزل عزم، بلند حوصلے اور فرض شناسانہ لگن کی بھی دل کھول کر تعریف کی۔
قبل ازیں، کوئٹہ آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا۔
