ایران نے ابھی میزائل صلاحیت کا بڑا حصہ استعمال نہیں کیا: بریگیڈیئر جنرل رضا طلائی

تہران (ویب ڈیسک): ایران کے بریگیڈیئر جنرل رضا طلائی نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امریکا کے ساتھ جاری تناؤ کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے ابھی تک اپنی دفاعی اور میزائل صلاحیتوں کا ایک نمایاں حصہ استعمال نہیں کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل رضا طلائی کا یہ بیان ایک ایسے نازک وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کی وجہ سے خطے میں جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تنازع کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے تو ایران اپنے پاس موجود زیادہ طاقتور اور جدید ہتھیاروں کو میدان میں لانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ جنرل رضا طلائی کے اس پیغام کا مقصد دشمن کو اپنی عسکری طاقت کا احساس دلانا ہے۔ واضح رہے کہ ایران کے پاس مشرقِ وسطیٰ میں بیلسٹک اور کروز میزائلوں کا سب سے بڑا ذخیرہ موجود ہے، جو اس کی دفاعی حکمتِ عملی یا ‘ڈیٹرنس’ کا مرکزی ستون سمجھا جاتا ہے۔
ایرانی کمانڈر نے امریکا پر اعتماد کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کی فوجی صلاحیتیں ابھی تک مکمل طور پر ظاہر نہیں کی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
