اسلام آباد یونائیٹڈ پلے آف میں داخل؛ حیدرآباد، لاہور اور کراچی کے درمیان بقا کی جنگ تیز

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک): اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگز مین کو دھول چٹا کر پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی تیسری ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ اس اہم کامیابی کے ساتھ ہی یونائیٹڈ نے پوائنٹس ٹیبل پر 11 پوائنٹس حاصل کر کے ٹاپ فور میں اپنی جگہ محفوظ کر لی ہے، جبکہ حیدرآباد کنگز مین کی عبرتناک شکست نے ٹورنامنٹ کی دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
حیدرآباد کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت
میچ میں حیدرآباد کنگز مین کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور پوری ٹیم صرف 80 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس بھاری شکست کے بعد حیدرآباد کا نیٹ رن ریٹ شدید متاثر ہوا ہے، جس کے باعث وہ چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلی گئی ہے۔ اس کا براہِ راست فائدہ لاہور قلندرز کو ہوا جو اب ٹیبل پر چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔
"ہم ایک یونٹ کی طرح نہیں کھیل سکے”
شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سہیل تنویر نے مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ "جیت کے لیے ہم ایک یونٹ کی طرح کھیلنے میں ناکام رہے۔” دوسری جانب حیدرآباد کے ہیڈ کوچ جیسن گیلسپی نے اعتراف کیا کہ انہیں وکٹ کا اندازہ تو تھا لیکن کھلاڑی کنڈیشنز کے مطابق کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے۔
پلے آف کی دوڑ: دلچسپ صورتحال
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر صورتحال انتہائی سنسنی خیز ہو چکی ہے۔ لاہور قلندرز، حیدرآباد کنگز مین اور کراچی کنگز کے 8، 8 پوائنٹس ہیں اور یہ تینوں ٹیمیں پلے آف کی آخری ٹیم بننے کی مضبوط امیدوار ہیں۔ اب ان ٹیموں کے لیے صرف جیتنا کافی نہیں ہوگا بلکہ انہیں اپنے نیٹ رن ریٹ کو بھی بہتر بنانا ہوگا۔
حیدرآباد کنگز مین کو ایک چھوٹا سا ایڈوانٹیج یہ حاصل ہے کہ ان کا آخری مقابلہ کراچی اور لاہور کے میچوں کے بعد ہوگا، جس سے انہیں ہدف کا واضح علم ہوگا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے امید کی کرن
اسلام آباد کی اس فتح نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے بھی امکانات پیدا کر دیے ہیں۔ 6 پوائنٹس کے ساتھ کوئٹہ کا آج کراچی کنگز کے خلاف اہم مقابلہ ہے۔ اگر کوئٹہ کراچی کو ہرا دے، پشاور زلمی لاہور قلندرز کو شکست دے اور راولپنڈیز کی ٹیم حیدرآباد کو ہرا دے تو 4 ٹیموں کے 8، 8 پوائنٹس ہو جائیں گے، ایسی صورت میں فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔
دریں اثنا، افتخار احمد نے اپنے مخصوص انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ شائقین کی جانب سے "چاچا” پکارے جانے کو برا نہیں مانتے بلکہ اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
