خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 3 روز میں 21 خوارج ہلاک

راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے 3 سے 5 ستمبر کے دوران کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارت کی سرپرستی میں سرگرم ‘فتنۃ الخوارج’ کے 21 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات اور ملکی دفاع کے پیش نظر صوبے کے مختلف حصوں میں دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پہلی کارروائی 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب پاک افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 10 خوارج کو ہلاک کیا۔ اس کے علاوہ شمالی وزیرستان ہی میں ایک اور الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران مزید 7 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
شمالی وزیرستان کے علاوہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں بھی دو الگ الگ مقامات پر کامیاب کارروائیاں انجام دیں، جن کے دوران شدید جھڑپوں میں مزید 4 خوارج مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ علاقے میں کسی بھی دوسرے چھپے ہوئے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن / کلیئرنس آپریشنز تاحال جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وژن "عزمِ استحکام” اور وفاقی اپیکس کمیٹی کے فیصلوں کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک سیکیورٹی فورسز کی بلاامتیاز کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
