سحر پروگرام: 5365 خواتین کی گھر بیٹھے ووکیشنل ٹریننگ کا آغاز

لاہور (اردو ڈیسک مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژنری اقدامات کے تحت پنجاب کی بیٹیوں کے لیے پہلی بار "اسکل انہانسمنٹ ثرو ہوم ریچ پروگرام” (سحر) جیسے مثالی پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت دور دراز، سیمی اربن اور اربن علاقوں کی عام خواتین کو گھر بیٹھے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید فنی اور ڈیجیٹل کورسز کروا کر ہنرمند بنایا جائے گا، جس سے وہ باآسانی اپنا روزگار کما سکیں گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت شروع کیے جانے والے اس پراجیکٹ پر 97 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئے گی۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد ملکی لیبر فورس میں خواتین کا تناسب اور ان کی معاشی شمولیت کو نمایاں طور پر بڑھانا ہے۔
مختلف شعبہ جات اور ٹریننگ کا مکمل بریک ڈاؤن:
پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں ہزاروں خواتین کو گھر بیٹھے درج ذیل تین بڑے شعبوں میں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ٹریننگ دی جا رہی ہے:
ہاسپیٹلٹی کورسز (1260 خواتین): پی ڈی سی پی کے ذیلی ادارے ‘آئی ہوم’ کے اشتراک سے 1260 خواتین کے لیے ہاسپیٹلٹی کورسز کرائے جائیں گے۔ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان اور گوجرانوالہ میں سحر پروگرام کے تحت اس کورس کے پہلے بیچ نے اپنی ٹریننگ مکمل بھی کر لی ہے۔
بیوٹیشن کورسز (5206 خواتین): صوبے کے چار اضلاع میں نیل بار کے تعاون سے مجموعی طور پر 5206 خواتین کے لیے بیوٹیشن کورسز کا اہتمام کیا گیا ہے۔ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان میں ٹرینی خواتین کو ہیئر اسٹائلنگ، سکن کیئر، میک اپ اور نیل آرٹ سکھایا جا رہا ہے۔
ڈیجیٹل اسکلز اور ای کامرس (2040 خواتین): پی ایس ڈی ایف (PSDF) کے اشتراک سے 2040 ٹرینی خواتین کو 6 ماہ کا ڈیجیٹل اسکل کیٹرنگ کورس کرایا جائے گا۔ اس کورس کے دوران خواتین کو دراز اور شوپی فائی سمیت ای کامرس، انگلش لینگویج، پروڈکٹ ریسرچ اور فنانشل لٹریسی کی جدید ترین مہارتیں سکھائی جائیں گی۔
ٹرینی خواتین کے لیے لیپ ٹاپ، وظیفہ اور دیگر مراعات:
حکومتِ پنجاب کی جانب سے سحر پروگرام کے تحت ڈیجیٹل اسکلز کا کورس کرنے والی ٹرینی خواتین کو بلا معاوضہ لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ ڈیوائس اور ڈیٹا پیکیج بھی فراہم کیا جائے گا، جبکہ تمام کورسز کرنے والی خواتین کو ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا تاکہ وہ کسی مالی مروّت کے بغیر اپنی ہنرمندی پر توجہ دے سکیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پیغام:
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سحر پروگرام کے تحت ٹریننگ مکمل کرنے والی خواتین کے لیے کامیابی کی دعا کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"پنجاب کی عورت معاشی طور پر مضبوط ہوگی تو ملک بالخصوص پنجاب ترقی کرے گا۔ ہم پنجاب کی ویمن پاپولیشن کو قابلِ قدر اثاثہ بنا رہے ہیں۔ ‘سحر’ پروگرام کے اجرا کا مقصد ہی خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کے لیے گھر کی دہلیز پر ووکیشنل اسکل پروگرام پہنچایا گیا ہے جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئیں گے۔ ٹریننگ کورس کرنے والی خواتین باآسانی اپنا روزگار کما کر معاشرے کا مفید شہری بن سکتی ہیں۔
