انٹرٹینمنٹ

پوڈکاسٹ میں نامناسب سوالات پر میرا کا انٹرویو ادھورا چھوڑ کر واک آؤٹ

پاکستانی اداکارہ میرا پوڈکاسٹ کے دوران میزبان کے رویے پر ناراض ہو کر جاتے ہوئے
اداکارہ میرا اپنی فلم ’سائیکو‘ کی تشہیر کے دوران میزبان کے نامناسب سوالات پر انٹرویو چھوڑ کر چلی گئیں

ویب ڈیسک

پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اور متنازع اداکارہ میرا ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔ اپنی آنے والی فلم ’سائیکو‘ کی تشہیر کے سلسلے میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران، میزبان کے نامناسب اور ذاتی سوالات سے تنگ آکر اداکارہ انٹرویو ادھورا چھوڑ کر چلی گئیں۔

اداکارہ میرا ان دنوں اپنی نئی فلم ’سائیکو‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں، جو عیدالاضحیٰ پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ اس فلم میں شان شاہد مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ میرا ٹائٹل رول میں نظر آئیں گی۔ اسی سلسلے میں وہ مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو انٹرویو دے رہی ہیں۔

حال ہی میں میرا نے معروف تجزیہ کار ارشاد بھٹی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی۔ انٹرویو کے آغاز میں تو سب ٹھیک رہا، لیکن جلد ہی میزبان نے گفتگو کا رخ میرا کی ماضی کی ذاتی زندگی اور مختلف افواہوں کی جانب موڑ دیا۔

میرا نے کئی بار کوشش کی کہ وہ اپنی گفتگو کو فلم ’سائیکو‘ اور اپنے کام تک محدود رکھیں، مگر میزبان نے مسلسل حساس موضوعات کو چھیڑے رکھا۔

صورتحال اس وقت قابو سے باہر ہوئی جب میزبان نے فلم کے نام کی مناسبت سے میرا کو طنزیہ انداز میں ’سائیکو‘ کہا اور ان کے ماضی کے پرانے تنازعات کو دوبارہ کریدنا شروع کیا۔ میزبان کے اس رویے اور غیر پیشہ ورانہ سوالات پر میرا نے شدید احتجاج کیا اور مزید گفتگو کرنے سے انکار کرتے ہوئے انٹرویو ادھورا چھوڑ کر وہاں سے چلی گئیں۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کچھ لوگ میزبان کے رویے کو غیر اخلاقی قرار دے رہے ہیں جبکہ کچھ اسے فلم کی تشہیر کا ایک حصہ سمجھ رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے