رجب کا چاند نظر آگیا، یکم رجب 22 دسمبر کو ہوگی: چیئرمین رویت ہلال کمیٹی

اسلام آباد:چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ماہِ رجب المرجب 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی مستند شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد اعلان کیا گیا کہ یکم رجب بروز پیر 22 دسمبر 2025 کو ہوگی۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام شہادتوں کا شرعی تقاضوں کے مطابق جائزہ لیا گیا، جس کے بعد متفقہ طور پر چاند نظر آنے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ ماہِ رجب اسلامی تاریخ میں خصوصی فضیلت کا حامل مہینہ ہے۔ اسی مہینے حضرت علی بن ابی طالبؑ، جو رسولِ اکرم ﷺ کے چچا زاد، داماد اور خلیفہ راشد ہیں، 13 رجب کو خانۂ کعبہ میں پیدا ہوئے۔
حضرت علی بن ابی طالب کی ولادتِ باسعادت کو پوری دنیا کے مسلمان بالخصوص اہلِ تشیع نہایت عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔
ماہِ رجب عبادات، نوافل، استغفار اور روحانی تیاری کا مہینہ سمجھا جاتا ہے، جس کے بعد شعبان اور رمضان المبارک آتے ہیں۔