بکرے کے پائے اور گوشت کینیڈا لے جانے والے پاکستانی مسافر کو 1350 ڈالر جرمانہ

ٹورنٹو: کینیڈا بارڈر سروسز ایجنسی (سی بی ایس اے) نے ٹورنٹو کے پیئرسن ایئرپورٹ پر ایک پاکستانی مسافر کے سامان سے غیر اعلانیہ کھانے پینے کی اشیاء برآمد ہونے پر اسے 1350 امریکی ڈالر کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، کینیڈا بارڈر سروسز ایجنسی کے تربیت یافتہ کتے نے مسافر کے سامان میں چھپائی گئی خوراک کی نشاندہی کی۔ تلاشی لینے پر مسافر کے قبضے سے 16 کلو گرام کھانے کا سامان برآمد ہوا، جس میں بکرے کے پائے، مرغی کا گوشت، دیسی گھی اور خشک دودھ شامل تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مسافر نے یہ تمام سامان کسٹمز حکام کے سامنے ظاہر نہیں کیا تھا (ڈکلیئر نہیں کیا تھا)، جو کہ ملکی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور خوراک کی کینیڈا آمد پر پابندی کے پیش نظر مسافر پر 1350 ڈالر کا جرمانہ عائد کرکے پورا سامان ضبط کر لیا گیا ہے۔
