بھارتی مسلمانوں کا سیکولر اقدار کے تحفظ کے لیے احتجاج، 29 ستمبر کو جنتر منتر پر مظاہرہ

نئی دہلی: بھارت میں سیکولر اقدار، آئینی حقوق اور جمہوری اصولوں کے تحفظ کے لیے بھارتی مسلمانوں اور دیگر اقلیتی طبقات کی جانب سے 29 ستمبر کو نئی دہلی کے جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احتجاج کا اہتمام مانیٹرنگ کمیٹی فار انڈین مسلمز کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ منتظمین کے مطابق مظاہرہ 29 ستمبر کو دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ احتجاج کا بنیادی مقصد بھارت کے سیکولر تشخص، آئینی حقوق اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔ مظاہرے کے ذریعے مذہبی آزادی، اقلیتوں کے مساوی حقوق اور جمہوری عمل میں شمولیت سے متعلق اپنے تحفظات سامنے لائے جائیں گے۔ بھارتی مسلمانوں کا کہنا تھا کہ سیکولرازم بھارتی آئین کی بنیاد ہے اس کی حفاظت کے لئے ہمیں اپنے خون کے آخری قطرے تک بھی لڑنا پڑا تو دریغ نہیں کریں گے
احتجاج میں مسجدوں اور دیگر مذہبی مقامات کی مسماری کے واقعات کے خلاف آواز اٹھانے کے ساتھ مذہبی مقامات کے تحفظ اور مذہبی آزادی سے متعلق مطالبات پیش کیے جائیں گے۔
مظاہرین کی جانب سے انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کے عمل پر بھی تحفظات کا اظہار کیا جائے گا۔ منتظمین کا مؤقف ہے کہ اس عمل کے دوران مسلمانوں اور دیگر اقلیتی طبقات کے نام انتخابی فہرستوں سے خارج کیے جانے کے خدشات پیدا ہوئے ہیں۔
احتجاج میں اپوزیشن کے حامیوں اور اقلیتی طبقات کے سیاسی حقوق سے متعلق خدشات بھی اٹھائے جائیں گے۔ منتظمین کے مطابق جمہوری نظام میں تمام شہریوں کو بلاامتیاز مساوی سیاسی اور آئینی حقوق حاصل ہونے چاہئیں۔
29 ستمبر کو جنتر منتر پر ہونے والا احتجاج سیکولر اقدار، آئینی حقوق، مذہبی آزادی اور جمہوری اصولوں کے تحفظ کے مطالبے کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے۔
